Badr

قرآن مجید میں ’’بدر‘‘ کاذکر ایک مرتبہ آیا ہے، جس کی تفصیل درج ذیل ہے:
یہ مدینہ منورہ سے جنوب مغرب میں 155 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ایک جگہ ہے۔ اسے ہر طرف سے بلند وبالا پہاڑوں نے گھیر رکھا ہے، اس میں کئی کنویں اور باغات تھے جہاں قافلے عموماً پڑاؤ ڈالتے تھے۔ اس میں آمد ورفت کے تین راستے تھے، ایک جنوب میں جسے ’’العدوۃ القصویٰ‘‘ کہا جاتا ہے، دوسرا شمال میں جسے ’’العدوۃ الدنیا‘‘ کہا جاتا ہے، تیسرا راستہ شمالی راستے کے قریب ہی مشرق میں ہے، اسی سے اہل مدینہ آتے جاتے تھے۔ یہاں سن 2 ہجری کو مسلمانوں اور مشرکین کے درمیان حق اور باطل کا پہلا معرکہ پیش آیا، جس میں 313 مسلمانوں نے بے سروسامانی میں ایک ہزار کے مسلح لشکر کو شکست دی تھی، اور یہاں مسلمانو ں کو پہلی تاریخی کامیابی ملی تھی۔