یہ دیوار کہاں ہے؟ اس کے بارے میں مختلف اقوال ہیں، جن میں سے راجح یہ ہے کہ داغستان کے علاقہ کاکیشیا کے دربند، باب الابواب میں یا اس سے بھی اوپر جبل قفقاز یا کوہِ قاف کی بلندی پر ہے اور ان دونوں جگہوں پر ’’سَدّ‘‘ کا ہونا مؤ رخین کے نزدیک ثابت ہے۔
قرآن کریم میں یاجوج و ماجوج کا ذکر اجمالاً اور مختصراً آیا ہے اور احادیث میں کچھ تفصیل آئی ہے۔ بہر حال قرآن اور حدیث سے یہ امر قطعی طور پر ثابت ہے کہ یاجوج ذوالقرنین کی بنائی ہوئی دیوار کے پیچھے بند ہیں، قیامت سے پہلے اس سے باہر نہیں آسکتے۔ان کا خروج بھی حضرت عیسیٰ (u) کے زمانہ میں ہوگا، اس وقت یہ مفسد قوم دنیا پر نکلے گی اور دنیا میں فساد مچائے گی، بالآخر حضرت عیسیٰ بن مریم (u) کی دعا سے اچانک غیر معمولی موت مر جائے گی۔






















